بلاول بھٹو کا بی آئی ایس پی کے دفاع کا اعلان، پروگرام کو ختم نہیں بڑھانا چاہیے

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفاع کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح اس پروگرام کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہ افسوسناک ہے، اور اگر کوئی اس کا دفاع نہ بھی کرے تو پیپلز پارٹی ضرور کرے گی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاق کو معاشی مشکلات درپیش ہیں تو صوبے بھی مالی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے باوجود کئی صوبوں کو ان کا مکمل حصہ نہیں ملا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف سیاسی اختلافات کے باوجود حکومت کے ساتھ مل کر کئی مسائل کا آئینی حل نکالا گیا۔ ان کے مطابق صوبائی حکومتوں نے ماضی میں بھی قربانیاں دی ہیں اور آج بھی قومی مفاد میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا حکومت کے فیصلے کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے نے سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر قومی مفاد میں کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر تمام سیاسی قوتیں اسی طرح قومی مفاد کو ترجیح دیں تو ملک ہر مشکل کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک مؤثر فلاحی منصوبہ ہے جسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔
بلاول نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے لاکھوں خاندانوں کی مدد کی ہے، خصوصاً سیلاب اور کورونا جیسے بحرانوں میں اس منصوبے نے غیر معمولی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ غربت سے نمٹنے کے لیے اس پروگرام کو ختم کرنے کے بجائے مزید وسعت دی جانی چاہیے۔










