چین کے سنکیانگ میں سیاحتی مقام پر پل گرنے سے 5 افراد جاں بحق

بیجنگ – چین کے علاقے سنکیانگ میں ایک سیاحتی مقام پر پل گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہو گئے۔ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پل کے کیبلز ٹوٹ گئے اور وہ ایک جانب جھک کر گر گیا۔ پل پر موجود 29 افراد نیچے جا گرے، جن میں سے کئی شدید زخمی ہوئے۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق سیاحتی مقام کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے تاکہ مکمل حفاظتی جانچ کی جا سکے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
جس مقام پر حادثہ پیش آیا، اسے "شیاتا” کہا جاتا ہے۔ یہ علاقہ 65 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے اور اپنی قدرتی خوبصورتی کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہاں پہاڑ، وادیاں، دریا اور تاریخی کھنڈرات موجود ہیں، جو سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور پل کے دیگر حصوں کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ حکام نے وعدہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے سیاحتی مقامات پر سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔
چند ہفتے قبل بھی چین کے صوبہ گوئی چو میں ایک حادثہ پیش آیا تھا۔ تیز ہواؤں کے باعث بی جیے شہر میں چار سیاحتی کشتیاں الٹ گئی تھیں، جس میں 10 افراد جاں بحق اور 70 زخمی ہو گئے تھے۔ ان واقعات نے چین کے سیاحتی مقامات پر حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
















