03:17 , 19 ستمبر 2025
Watch Live

ریڈ آئی کے روزانہ درجنوں کیسز اسپتالوں میں رپورٹ

کراچی میں آشوب چشم (ریڈ آئی) کی وبا تیزی سے پھیلنے لگی ہے۔ سرکاری اور نجی اسپتالوں میں روزانہ کئی مریض آنکھوں کی سوجن، سرخی، درد اور پانی آنے جیسی علامات کے ساتھ آ رہے ہیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی، گندگی، صفائی کی کمی اور ایڈینو وائرس اس انفیکشن کے پھیلنے کی بڑی وجوہات ہیں۔ برساتی موسم میں یہ وائرس جلدی پھیلتا ہے۔

جناح اسپتال کے ماہر چشم پروفیسر اسرار بھٹو کے مطابق بارشوں کے بعد مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ اب روزانہ 15 سے 20 مریض اسپتال آ رہے ہیں۔ یہ انفیکشن ایک دوسرے سے قریبی رابطے یا ہاتھ ملانے سے بھی پھیلتا ہے۔

یہ بیماری عام طور پر ایک آنکھ سے شروع ہوتی ہے اور اگر صفائی کا خیال نہ رکھا جائے تو دوسری آنکھ میں بھی پھیل جاتی ہے۔ ہلکے کیسز میں برف یا ٹھنڈے پانی سے سکائی کافی ہوتی ہے، جبکہ درمیانے یا شدید کیسز میں خاص ڈراپس تجویز کیے جاتے ہیں۔

ڈاکٹر اسرار بھٹو نے خبردار کیا ہے کہ لوگ خود سے اسٹیرائیڈ ڈراپس یا عرقِ گلاب استعمال نہ کریں، کیونکہ یہ نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔ مصنوعی آنسو والے ڈراپس محفوظ ہوتے ہیں اور ان کے کوئی سائیڈ ایفیکٹ نہیں ہوتے۔

سول اسپتال کی ڈاکٹر خالدہ کے مطابق ان کے پاس بھی روزانہ 10 سے 12 مریض آ رہے ہیں۔ مریضوں کا تعلق شہر کے مختلف علاقوں جیسے قائد آباد، بلدیہ ٹاؤن، کیماڑی اور لیاقت آباد سے ہے۔ نجی کلینکس کے ڈاکٹروں نے بھی کیسز میں اضافے کی تصدیق کی ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION