03:20 , 23 اپریل 2026
Watch Live

حج 2026 فلائٹ آپریشن میں تیزی، ہزاروں عازمین سعودی عرب روانہ

حج 2026 فلائٹ آپریشن

ملک بھر سے حج 2026 کے فضائی آپریشن میں تیزی آ گئی ہے اور سرکاری عازمین حج کی سعودی عرب روانگی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک 21 پروازوں کے ذریعے 5 ہزار 250 سرکاری عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ آج (منگل) مزید 13 حج پروازوں کے ذریعے 3 ہزار 510 عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ اسلام آباد سے 4 پروازیں جبکہ کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے 2، 2 پروازیں روانہ کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ سیالکوٹ سے ایک خصوصی پرواز بھی عازمین کو لے کر سعودی عرب روانہ ہوگی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج آپریشن میں قومی ایئرلائن پی آئی اے کے ساتھ ساتھ سعودی ایئرلائن، ایئر بلیو اور ایئر سیال بھی حصہ لے رہی ہیں تاکہ عازمین کو بروقت اور سہولت کے ساتھ مقدس سرزمین پہنچایا جا سکے۔

حج 2026 عازمین کے لیے حکومت پاکستان کا بڑا اقدام

ملک بھر میں قائم 10 حاجی کیمپوں میں عازمین کی تربیت، سفری دستاویزات کی فراہمی اور ویکسینیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ حکام کے مطابق تمام انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

پاکستان اور سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر وزارت مذہبی امور کا عملہ 24 گھنٹے تعینات ہے جو حاجیوں کو ہر مرحلے پر رہنمائی اور سہولت فراہم کر رہا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ حج فلائٹ آپریشن 31 مئی تک بلا تعطل جاری رہے گا اور آئندہ دنوں میں مزید ہزاروں عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION