ٹرمپ سے زیادہ ایران کی باتوں پر اعتماد کرتا ہوں، سابق سربراہ سی آئی اے

واشنگٹن: سابق سی آئی اے سربراہ جان برینن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کے بیانات پر ٹرمپ سے زیادہ یقین رکھتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جان برینن کا کہنا تھا کہ متعدد حقائق سامنے آنے کے باوجود ٹرمپ انہیں تسلیم کرنے سے گریز کر رہے ہیں اور اپنی پالیسیوں کی ناکامی سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا یہ دعویٰ بھی درست نہیں کہ ایران مذاکرات کے لیے مثبت اشارے دے رہا ہے یا امریکی شرائط پر بات چیت کرنا چاہتا ہے۔
جان برینن کے مطابق ایران کی جانب سے اس وقت کسی بھی سطح پر ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات نہیں ہو رہے۔
ٹرمپ کا کہنا ہے ایران کو یورینیئم دینا ہوگا، ہرمز کھولنا ہوگا
سابق سی آئی اے سربراہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حقائق کو تسلیم کرنا ضروری ہے تاکہ غلط فہمیوں اور کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غلط بیانی یا زمینی حقائق کو نظر انداز کرنے سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔
جان برینن کے بیان کو امریکی سیاسی حلقوں میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ایران اور امریکا کے تعلقات پہلے ہی کشیدگی کا شکار ہیں۔











