کراچی میں رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، بھتہ خوری میں ملوث دو ملزمان گرفتار

سندھ رینجرز اور ایس آئی یو پولیس نے مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد اریب عرف مشتاق اور مزمل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اریب کا تعلق بدنام زمانہ اسامہ جمیل اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی کے بھتہ مافیا گروپ سے ہے، جو شہر کے مختلف علاقوں میں دکانداروں اور تاجروں سے بھتہ وصولی میں ملوث رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم اریب کے دیگر ساتھی مناز اور اصغر پہلے ہی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں، جس کے بعد ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں روپوش تھا۔
کراچی بھتہ خوری معاملہ: وزیراعلیٰ کی پولیس کو فوری ہدایت
دوسرا گرفتار ملزم مزمل، بھتہ مافیا کے مبینہ سرغنہ بہادر پی ایم ٹی کا قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے اور وہ اپنے سرغنہ کے لیے مختلف کاروباری شخصیات سے بھتہ وصول کرتا تھا۔
دورانِ تفتیش یہ بھی انکشاف ہوا کہ یہ گروہ بھتے سے حاصل ہونے والی رقم کو حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی ذرائع کے ذریعے بیرونِ ملک منتقل کرتا تھا۔
رینجرز حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔












