اسلام آباد – اٹلی اور یورپی کمشنر نے ترلائی مسجد میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے المناک سانحے اور جانی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اظہار یکجہتی پر دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی اور یورپی کمشنر میگنس برنر نے فون پر رابطہ کیا۔ اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ المناک واقعے پر انہیں گہرا دکھ ہوا۔ اٹلی حکومت متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی رکھتی ہے۔
اطالوی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں اور مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ اٹلی ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ اس کے ساتھ دہشت گردی سے نمٹنے میں تعاون جاری رکھنے کا عزم بھی دہرایا۔
یورپی کمشنر میگنس برنر نے کہا کہ ہماری دعائیں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف متحد رہنا ضروری ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دنیا کے لیے دہشت گردی کے خلاف ایک ڈھال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی اقدامات کی ضرورت ہے۔