آن لائن ادویات کی غیرقانونی فروخت کے خلاف کارروائی

اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے ادویات کی آن لائن تشہیر اور غیرقانونی فروخت کے بڑھتے ہوئے رجحان پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے کارروائی کی درخواست کر دی ہے۔
ڈریپ نے متعدد ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں بلاک کرنے کی سفارش کی ہے جو بغیر اجازت ادویات کی فروخت اور اشتہارات میں ملوث ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ ادویات کی آن لائن فروخت عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ خاص طور پر نسخے کے بغیر جنسی صحت، وزن میں کمی اور ذہنی امراض کی ادویات کی فروخت پر شدید تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر جاری غیر قانونی اشتہارات لوگوں کو خود علاج کی طرف راغب کر رہے ہیں جو خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت اور ایران سے اسمگل شدہ ادویات بھی مختلف آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے فروخت کی جا رہی ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق غیر معیاری ادویات سنگین مضر اثرات اور جان لیوا پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہیں۔
ڈریپ نے واضح کیا ہے کہ اب کسی بھی دوا کی تشہیر کے لیے پیشگی منظوری لازمی ہوگی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے، ادویات کی ضبطی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔











