پاکستان کے معروف اداکار اُزیر عباسی انتقال کرگئے

پاکستان کے معروف اور سینئر اداکار اُزیر عباسی تین روز قبل انتقال کرگئے، جس پر مداحوں، ساتھی فنکاروں اور شوبز انڈسٹری نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اُزیر عباسی ایک تخلیقی اور فنی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ وہ معروف پروڈیوسر اور ڈائریکٹر زبیر عباسی کے بھائی اور مشہور اداکار و ہدایتکار شمعون عباسی کے چچا تھے۔
اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران اُزیر عباسی نے کئی یادگار کردار ادا کیے، جن میں جیو ٹی وی کے مشہور ڈرامے “انتقام” میں رشید بابا کا کردار خاص طور پر پسند کیا گیا۔ ان کی پُراثر ادائیگی، نفیس اردو تلفظ اور جذباتی گہرائی نے انہیں ٹیلی وژن انڈسٹری میں ایک منفرد مقام دلایا۔
یہ بھی پڑھیں : کامیڈین لکی ڈیئر انتقال کر گئے
اُن کے نمایاں ڈراموں میں کراچی ڈویژن (2021)، باشو (2023)، ہیر رانجھا (2012) اور کھلونا شامل ہیں۔ ان کے ہر کردار میں ان کی لگن، جذبہ اور فن سے محبت نمایاں تھی۔
اداکار شمعون عباسی نے اپنے چچا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “اُزیر عباسی ایک باکمال فنکار اور عاجزی و وقار کی علامت تھے جنہوں نے آنے والی نسلوں کو متاثر کیا۔”
مداحوں نے سوشل میڈیا پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُزیر عباسی ہمیشہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے باوقار اور محترم فنکار کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔
















