سعودی عرب میں بارشوں اور طوفانی موسم کی پیش گوئی

سعودی محکمہ شہری دفاع نے مختلف علاقوں میں بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی موسم کی وارننگ جاری کردی ہے جو بدھ تک برقرار رہے گی۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق شہری دفاع نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی۔ بیان میں کہا گیا کہ شدید بارشوں کے ساتھ ژالہ باری، گرد آلود ہوائیں اور تیز جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
مکہ ریجن میں طائف، میسان، اضم، مکہ شہر، العرضیات، اللیث اور دیگر علاقوں میں تیز بارش ہوگی۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی اور وادی والے علاقے خاص طور پر متاثر ہوسکتے ہیں۔
عسیر، جازان، الباحہ اور نجران میں درمیانی سے شدید بارش کا امکان ہے جبکہ ریاض اور مدینہ میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ شہری دفاع نے کہا کہ لوگ اپنے گھروں یا محفوظ مقامات پر رہیں اور بارش کے پانی یا سیلابی مقامات کے قریب نہ جائیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پر جاری ہدایات پر عمل کریں۔
یہ انتباہ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب گزشتہ روز ابہا شہر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ آسمانی بجلی گرنے سے دو خواتین جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگئیں۔ زخمی خاتون کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
متاثرہ خاندان کے ایک رکن کے مطابق وہ سیر و تفریح کی غرض سے ابہا آئے تھے۔ اسی دوران بجلی گری جس سے ایک خاتون اور اس کی 22 سالہ بیٹی موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
















