سعودی عرب میں افغان شہری کو سزائے موت

مکہ مکرمہ: سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے مکہ ریجن میں ایک افغان شہری کی سزائے موت پر عملدرآمد کر دیا۔
وزارت کے مطابق، افغان شہری محمد اصغر محبت کو منشیات اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے ہیروئن برآمد ہوئی، جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
مقدمہ عدالت میں پیش ہوا جہاں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر اسے جرم کا مرتکب قرار دیا گیا۔ عدالت نے سعودی قوانین کے مطابق ملزم کو سزائے موت سنائی۔
اعلیٰ عدالت نے بھی ماتحت عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ بعدازاں شاہی توثیق کے بعد جمعرات کے روز مکہ میں سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا۔
وزارت داخلہ نے کہا کہ سعودی حکومت منشیات کی روک تھام کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ شہریوں اور غیرملکیوں کو نشہ آور اشیاء سے بچانا ریاست کی ترجیح ہے۔
سعودی قوانین کے تحت منشیات کی اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے، جس پر سخت سزائیں، حتیٰ کہ سزائے موت بھی دی جاتی ہے، خاص طور پر جب بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوں۔
















