ٹی 20 ورلڈ کپ: پاک بھارت میچ پر فیصلہ 12 فروری کو ہوگا

بھارتی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کو 9 فروری تک ڈیڈ لائن دی تھی۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آج پاک بھارت میچ پر کوئی پیشرفت متوقع نہیں۔ امکان ہے کہ اس معاملے پر فیصلہ 12 فروری کو سامنے آئے گا۔ آئی سی سی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات میں وہ گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات پر بریفنگ دیں گے۔ وہ آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی وزیراعظم سے رہنمائی حاصل کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاک بھارت میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ حکومت کی منظوری کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ پی سی بی حکومتی ہدایات کے مطابق آگے بڑھے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی، پی سی بی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے۔ ان مذاکرات میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر بات چیت کی گئی۔ خطے کی مجموعی کرکٹ صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
آئی سی سی وفد بھارت سے میچ کھیلنے کی درخواست لے کر لاہور آیا تھا۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر پی سی بی نے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اب تمام نظریں وزیراعظم کے حتمی فیصلے پر مرکوز ہیں۔












