ویب ڈیسک
|
7 مہینے پہلے
یو اے ای کا بڑا قدم، اسرائیل ائیر شو سے باہر

قطر پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو اپنے ائیر شو میں شرکت سے روک دیا ہے۔ یہ ائیر شو نومبر میں منعقد ہونا ہے، جس میں اسرائیلی کمپنیوں کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اماراتی حکومت نے اسرائیلی ڈیفنس حکام کو باضابطہ اطلاع دے دی ہے کہ دفاعی اور ایوی ایشن کے شعبے سے تعلق رکھنے والی اسرائیلی کمپنیاں اس ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔
اگرچہ متحدہ عرب امارات نے اس فیصلے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی، لیکن اسرائیلی حکام کا خیال ہے کہ یہ اقدام قطر پر اسرائیلی فضائی حملے کے ردعمل میں اٹھایا گیا ہے۔ اس حملے کے باعث دونوں ملکوں کے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔
اماراتی حکومت نے قطر پر حملے کے بعد اسرائیلی سفیر کو بھی طلب کیا اور اس معاملے پر باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس پیش رفت کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیل نے دوحہ پر فضائی حملہ کیا تھا، جس کا ہدف فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی قیادت تھی۔ تاہم اطلاعات کے مطابق حماس کی مرکزی قیادت اس حملے میں محفوظ رہی تھی۔
















