07:58 , 22 اپریل 2026
Watch Live

نیپال میں حکومت مخالف پُرتشدد احتجاج، ہزاروں قیدی جیلوں سے فرار

نیپال میں حکومت مخالف پُرتشدد احتجاج، ہزاروں قیدی جیلوں سے فرار
نیپال میں حکومت مخالف پُرتشدد مظاہروں کے دوران بڑے پیمانے پر قیدی مختلف جیلوں سے فرار ہو گئے جس کے باعث ملک بھر میں سکیورٹی صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔

 

نیپالی پولیس کے مطابق جھڑپوں کے دوران 13 ہزار 500 قیدی جیلوں سے نکل بھاگے جبکہ مظاہروں میں 3 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ کٹھمنڈو کی دلی بازار جیل سے سیکڑوں قیدی فرار ہوئے جنہیں فوجی اہلکار روکنے کی ناکام کوشش کرتے رہے۔

صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس زیادہ تر علاقوں سے ہٹ کر صرف ہیڈکوارٹرز تک محدود ہو گئی ہے جبکہ فوج نے دارالحکومت میں گشت شروع کر دیا ہے۔ فوج نے لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

فوج کے سربراہ جنرل اشوک راج سگڈیل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاج ختم کریں اور مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔

واضح رہے کہ پیر کو سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف نوجوانوں کا احتجاج شدت اختیار کر گیا تھا، مظاہرین نے پارلیمنٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کے دوران پولیس سے جھڑپوں میں کئی افراد ہلاک ہوئے۔

صورتحال مزید خراب ہونے پر وزیرِ اعظم کے پی شرما اولی نے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا، تاہم مظاہرے ختم نہ ہوئے اور مشتعل افراد نے مختلف سرکاری و نجی عمارتوں پر حملے اور توڑ پھوڑ جاری رکھی۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION