گوگل نے جی میل صارفین کے لیے ایڈریس تبدیل کرنے کی سہولت متعارف کرادی

گوگل نے اپنے صارفین کے لیے ایک اہم اپڈیٹ کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اب جی میل "@gmail.com” ایڈریس کو تبدیل کیا جا سکے گا۔ اس سے پہلے یہ سہولت صرف تھرڈ پارٹی ای میل والے صارفین کے لیے دستیاب تھی، جبکہ جی میل اکاؤنٹس کے صارفین اپنی پرائمری ای میل تبدیل نہیں کر سکتے تھے۔ نئی سہولت بتدریج تمام صارفین کے لیے فعال ہوگی۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنا جی میل یوزرنیم تبدیل کر سکیں گے جبکہ پرانا ای میل بھی فعال رہے گا۔ یعنی پرانے ایڈریس پر آنے والی ای میلز اب بھی اسی ان باکس میں موصول ہوں گی۔ صارفین گوگل کی مختلف سروسز جیسے جی میل، یوٹیوب، گوگل ڈرائیو اور میپس میں دونوں ای میلز کے ذریعے سائن ان کر سکتے ہیں۔
گوگل نے واضح کیا ہے کہ اس تبدیلی سے صارفین کا ڈیٹا متاثر نہیں ہوگا۔ تمام ای میلز، میسجز، تصاویر اور دیگر اکاؤنٹ کی معلومات اپنی جگہ محفوظ رہیں گی۔ اس طرح صارفین بغیر کسی نقصان کے ای میل ایڈریس میں تبدیلی کر سکیں گے۔
کمپنی نے اس فیچر کے کچھ اصول اور حدود بھی متعین کی ہیں۔ ہر اکاؤنٹ زیادہ سے زیادہ تین بار ای میل ایڈریس تبدیل کر سکتا ہے، یعنی کل چار ایڈریس تک کی سہولت دستیاب ہوگی۔ پرانا ای میل آئیے لائس کے طور پر فعال رہے گا اور موصول ہونے والی ای میلز وصول کرتا رہے گا۔
مزید یہ کہ صارف 12 ماہ کے دوران پرانے ایڈریس کو استعمال کرتے ہوئے نیا جی میل اکاؤنٹ نہیں بنا سکتا، اور نیا ایڈریس بھی اس مدت کے دوران حذف نہیں کیا جا سکتا۔ گوگل نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ قوانین صارفین کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے ہیں۔
کچھ پرانی گوگل سروسز پر اب بھی پرانا ای میل ظاہر ہوسکتا ہے۔ مثال کے طور پر، گوگل کیلنڈر میں پرانے ایڈریس کے تحت بنائی گئی ایونٹس میں یہ ای میل دکھائی دے سکتی ہے۔ تاہم، پرانا جی میل ایڈریس ہمیشہ کے لیے صارف کے ساتھ منسلک رہے گا اور کسی اور کے استعمال کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔
یہ اپڈیٹ صارفین کو جی میل ایڈریس منظم کرنے میں زیادہ لچک فراہم کرتی ہے اور رابطے اور اکاؤنٹ تک رسائی کو بلا تعطل برقرار رکھتی ہے۔ گوگل کا یہ اقدام صارفین کی طویل مدت کی درخواستوں کو پورا کرنے کے ساتھ اکاؤنٹ سیکیورٹی اور فعالیت کو بھی یقینی بناتا ہے۔



















