دفاعی منصوبوں کیلئے 5 ارب 8 کروڑ کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے دفاعی منصوبوں کے لیے 5 ارب 8 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر لی ہے۔ یہ فیصلہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس کا مقصد اہم قومی منصوبوں کے لیے فوری مالی ضروریات پوری کرنا ہے۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مختلف مالی امور پر غور کیا گیا۔ ای سی سی نے دفاعی شعبے کے منصوبوں کے لیے اضافی فنڈز کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے گرانٹ کی منظوری دی تاکہ منصوبوں کی رفتار متاثر نہ ہو۔
اجلاس میں پنجاب میں ایس ڈی جی پروگرام کے لیے 2 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں آٹزم سینٹر کے خصوصی بچوں کی ٹرانسپورٹ کے لیے 32 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں آٹے کی میں تیز اضافہ
ای سی سی نے آسان خدمت مرکز اسلام آباد کے قیام کے لیے 80 کروڑ روپے منظور کیے۔ اسی طرح ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی اور آئی ٹی منصوبوں کے لیے 3 ارب 70 کروڑ روپے جبکہ ایف بی آر کے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کے لیے 3 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فلم و ڈرامہ فنانس فنڈ کے لیے 70 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی اور فنڈز شفاف طریقے سے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ایشیا پیٹرولیم لمیٹڈ پائپ لائن کے مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے کمیٹی بھی قائم کی گئی، جبکہ مجموعی فیصلوں میں تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔











