05:57 , 17 اپریل 2026
Watch Live

15 سالہ طالب علم کوانٹم فزکس میں پی ایچ ڈی مکمل کرنے والا دنیا کا کم عمر ترین سائنسدان

پی ایچ ڈی مکمل کرنے والا دنیا کا کم عمر ترین سائنسدان

بیلجیئم: 15 سالہ طالب علم لورینٹ سائمنز نے کوانٹم فزکس میں پی ایچ ڈی مکمل کر کے دنیا کو حیران کر دیا، اور اپنی بے مثال علمی قابلیت سے نوجوان سائنسدانوں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔

فلمنش ٹیلی وژن نیٹ ورک وی ٹی ایم کے مطابق، لورینٹ نے اس ہفتے یونیورسٹی آف اینٹورپ میں اپنے تحقیقی مقالے کا کامیابی سے دفاع کیا اور اپنے شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

لورینٹ کو ‘‘بیلجیئم کا ننھا آئن اسٹائن’’ کہا جاتا ہے اور وہ کوانٹم فزکس میں پی ایچ ڈی حاصل کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین افراد میں شامل ہو گئے ہیں، اگرچہ اس حوالے سے کوئی باضابطہ عالمی رینکنگ موجود نہیں ہے۔

لورینٹ نے صرف چار سال کی عمر میں پرائمری اسکول شروع کیا اور چھ سال کی عمر میں ابتدائی تعلیم مکمل کر لی۔ بارہ سال کی عمر تک وہ کوانٹم فزکس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر چکے تھے، جس میں بوسونز اور بلیک ہولز جیسے پیچیدہ موضوعات پر تحقیق شامل تھی۔

لورینٹ کو فوٹوگرافک میموری اور 145 آئی کیو حاصل ہے، جو دنیا کی صرف 0.1 فیصد آبادی میں پایا جاتا ہے۔ گیارہ سال کی عمر میں دادا دادی کے انتقال کے بعد انہوں نے پی ایچ ڈی کے بعد کے اہداف مقرر کیے۔

انہوں نے انسان کی عمر بڑھانے اور لافانیت (Immortality) پر تحقیق کرنے کا ارادہ ظاہر کیا اور کہا کہ یہ مقصد ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کے لیے ہے۔ مستقبل میں وہ میڈیکل سائنس میں تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ انسانی زندگی کو طویل اور بہتر بنایا جا سکے۔

اگرچہ لورینٹ کی کامیابی غیر معمولی ہے، لیکن گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق دنیا کے کم عمر ترین پی ایچ ڈی ہولڈر کا اعزاز جرمن نابغہ کار کارل وِٹے کے پاس ہے، جنہوں نے 1814 میں صرف 13 سال کی عمر میں پی ایچ ڈی حاصل کی تھی۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION