پنجاب میں تعلیمی انقلاب، مفت آئی ٹی کورسز اور بڑے وظائف کا اعلان

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں تعلیم کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات اور طلبہ کے لیے فلاحی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے بھر کے ایک لاکھ سے زائد طلبہ کو مفت جدید آئی ٹی مہارتوں کے کورسز فراہم کیے جائیں گے، جن میں سائبر سیکیورٹی، مصنوعی ذہانت، اور کاروباری تجزیہ جیسے شعبے شامل ہوں گے۔
یہ کورسز عام طور پر مہنگے سمجھے جاتے ہیں، تاہم حکومت پنجاب انہیں مکمل طور پر مفت فراہم کرے گی تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتیں حاصل ہوں۔
اجلاس میں کالجوں کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے کارکردگی جانچنے کا نیا نظام بھی متعارف کرانے کی منظوری دی گئی، جس کے تحت اساتذہ اور اداروں کی کارکردگی باقاعدہ پیمانوں پر پرکھی جائے گی۔
خیبر پختونخوا میں تعلیمی منصوبے میں 10 کروڑ 60 لاکھ روپے کی کرپشن کا انکشاف
اس کے علاوہ ہونہار طلبہ کے لیے بڑے پیمانے پر وظائف کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت ہزاروں طلبہ کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی اور تعلیمی مواقع کو وسعت دی جائے گی۔
تعلیمی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے سرکاری کالجوں میں جدید آئی ٹی لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی جبکہ متعدد تعلیمی اداروں کو یونیورسٹیوں سے منسلک کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول مل سکے۔
طلبہ کی سہولت کے لیے الیکٹرک بس سروس شروع کرنے اور لیپ ٹاپ پروگرام کو مزید وسعت دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے، جبکہ اقلیتی طلبہ کو بھی میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں ہزاروں طلبہ اس پروگرام سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے کے لیے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، اور حکام نے تعلیمی بہتری کے اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔










