شکیب الحسن کی قومی ٹیم میں واپسی کی خواہش، کیریئر کے آخری مرحلے میں بڑا بیان

بنگلادیش کے مایہ ناز کرکٹر شکیب الحسن نے ایک بار پھر قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔
39 سالہ آل راؤنڈر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اپنے کیریئر کے اس مرحلے پر بھی ملک کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے حالیہ میڈیا گفتگو پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کے بعد کافی بحث ہوئی، اس لیے وہ اپنی پوزیشن واضح کرنا چاہتے ہیں۔
شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کی پوری توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز ہے اور وہ اگر موقع ملا تو بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
شکیب الحسن پر بنگلا دیش کیلئے کھیلنے پر پابندی لگ گئی
انہوں نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اپنے کیریئر کے آخری مرحلے میں بنگلادیش کے لیے یادگار پرفارمنسز دیں اور شائقین کو خوش کریں۔
سیاست کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شکیب نے کہا کہ وہ مستقبل میں ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، تاہم یہ ضروری نہیں کہ یہ کردار صرف سیاست کے ذریعے ہی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کرکٹ زندگی کا اختتام خوشی اور فخر کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے عوام سے دعاؤں اور محبت کی درخواست بھی کی۔












