07:21 , 18 اپریل 2026
Watch Live

آسٹریلیا میں پہلی بار خاتون آرمی چیف مقرر، 125 سالہ تاریخ میں نیا باب

آسٹریلیا میں پہلی بار خاتون آرمی چیف مقرر

آسٹریلیا نے اپنی فوجی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون کو آرمی چیف مقرر کر دیا ہے، جسے دفاعی شعبے میں ایک اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

آسٹریلوی حکومت نے دفاعی قیادت میں تبدیلی کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل سوزان کوئیل کو آرمی چیف مقرر کیا ہے، جو رواں سال جولائی میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

وہ موجودہ آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹیورٹ کی جگہ لیں گی اور اس طرح ملک کی 125 سالہ فوجی تاریخ میں پہلی خاتون سربراہ بن جائیں گی۔

لیفٹیننٹ جنرل سوزان کوئیل کا فوجی کیریئر تقریباً چالیس برسوں پر محیط ہے، اس دوران انہوں نے افغانستان اور مشرق وسطیٰ میں اہم ذمہ داریاں ادا کیں اور کئی اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان کی تقرری فوج میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی ایک اہم کوشش ہے، جہاں ماضی میں خواتین اہلکاروں کے ساتھ ہراسانی کے واقعات بھی رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔

وزیراعظم انتھونی البانیز نے اس تقرری کو تاریخی قرار دیا، جبکہ وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے بھی اسے ایک اہم سنگ میل کہا ہے اور خواتین کی پیشرفت کے لیے مثبت قدم قرار دیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اس وقت دفاعی افواج میں خواتین کی مجموعی نمائندگی اکیس فیصد ہے جبکہ اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دینے والی خواتین کی شرح اٹھارہ اعشاریہ پانچ فیصد ہے، اور دو ہزار تیس تک اس شرح کو بڑھا کر پچیس فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION