04:32 , 26 اپریل 2026
Watch Live

ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ڈنر فائرنگ پر ردعمل

ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ڈنر فائرنگ پر ردعمل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ڈنر میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشتبہ شخص نے تقریباً 15 گز کے فاصلے سے حملے کی کوشش کی اور بظاہر وہ انہیں ہی نشانہ بنانا چاہتا تھا۔

یہ واقعہ ہفتے کی رات واشنگٹن میں ایک اہم پریس ڈنر کے دوران پیش آیا جس میں اعلیٰ حکام، صحافی اور دیگر مہمان شریک تھے۔ خوش قسمتی سے صدر ٹرمپ اور دیگر افراد محفوظ رہے۔

پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ حملہ آور کے پاس متعدد ہتھیار تھے اور اس نے سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے سیکرٹ سروس کی فوری کارروائی کو سراہا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ

ٹرمپ نے اس لمحے کو انتہائی حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہال میں اچانک شور اور چیزوں کے گرنے کی آوازیں آئیں، جبکہ میلانیا ٹرمپ نے فوراً خطرے کا اندازہ لگا لیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک سیکیورٹی اہلکار کو گولی لگی لیکن بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے وہ محفوظ رہا۔ ٹرمپ کے مطابق اس واقعے کا ایران سے جاری کشیدگی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

صدر نے کہا کہ گرفتار مشتبہ شخص کا تعلق کیلیفورنیا سے ہے اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا وہ اکیلا تھا یا اس کے ساتھی بھی شامل تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے زور دیا کہ ایسے واقعات قوم کو تقسیم نہیں کر سکتے اور جلد ہی اس سے بھی بڑی تقریب منعقد کی جائے گی، کیونکہ عوامی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION