امریکا کی کارروائیوں پر ایران کا اقوام متحدہ سے رجوع

ایران نے اقوام متحدہ سے رجوع کرتے ہوئے امریکا کی جانب سے ایرانی جہازوں کو روکنے اور قبضے میں لینے کے اقدامات پر شدید احتجاج کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے خط میں امریکی اقدامات کو “بحری قزاقی” قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی تجارت میں مداخلت اور املاک پر غیر قانونی قبضے کے مترادف ہیں، اور فوری طور پر جہازوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران کو ان اقدامات کا جواب دینے کا حق حاصل ہے۔
دوسری جانب ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمنیا نے کہا کہ اگرچہ جنگ بندی کی بات کی جا رہی ہے، تاہم ایران صورتحال کو مکمل طور پر ختم شدہ نہیں سمجھتا اور فوجی تیاری جاری ہے۔
ادھر بحیرہ عرب میں امریکی افواج کی سرگرمیاں جاری ہیں، جہاں ایرانی بندرگاہوں کی جانب جانے والے مشتبہ جہازوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔
امریکی سینٹرل کمان کے مطابق “بلو اسٹار تھری” نامی جہاز کو روک کر چیک کیا گیا جبکہ درجنوں جہازوں کا رخ موڑا جا چکا ہے۔










