02:19 , 30 اپریل 2026
Watch Live

پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی چین میں کمیشننگ، دفاعی صلاحیت میں بڑا اضافہ

پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی چین میں کمیشننگ

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی چین میں باقاعدہ کمیشننگ کر دی گئی، جسے پاکستان کی بحری تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

کمیشننگ تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری تھے، جبکہ اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔ تقریب میں پاک بحریہ اور چینی حکام نے بھی شرکت کی۔

صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہنگور کلاس آبدوز کی شمولیت پاک بحریہ کی جدیدیت اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی واضح علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، بحری مفادات کے تحفظ اور اقتصادی راہداریوں کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اس موقع پر کہا کہ اہم بحری راستوں کا تعطل عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جارحیت کو روکنے اور بحیرہ عرب میں اہم سمندری تجارتی راستوں کی حفاظت میں مؤثر کردار ادا کریں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آبدوزیں جدید ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن ٹیکنالوجی، جدید سونار سسٹمز، اسٹیلتھ خصوصیات اور طویل زیرِ آب آپریشنز کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دفاعی تعاون اور گہری دوستی کا تسلسل ہے۔

مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس تاریخی پیش رفت پر پاک بحریہ اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION