کراچی میں منشیات فروش ملزمہ انمول پنکی پر اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ درج

کراچی میں پولیس نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق گارڈن ویسٹ کے علاقے سے ملزمہ کے قبضے سے ایک پستول برآمد ہوئی، تاہم وہ اس کا لائسنس پیش نہ کر سکی۔
یاد رہے کہ ملزمہ کو ایک رہائشی فلیٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جہاں سے منشیات اور دیگر اشیا بھی برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔
واقعے کے بعد فلیٹ کے مالک نے مبینہ طور پر فلیٹ خالی کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کا منشیات کی روک تھام کیلئے تاریخی معاہدہ
دوسری جانب ایف آئی آر میں درج پتے پر رہائش پذیر خاندان نے ملزمہ سے کسی بھی قسم کے تعلق کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ گزشتہ آٹھ سال سے وہاں مقیم ہیں۔
خاندان کا کہنا ہے کہ پولیس کی غفلت کے باعث ان کا پتہ مقدمے میں شامل کیا گیا جس سے وہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمہ ایک منظم منشیات نیٹ ورک چلا رہی تھی اور آن لائن آرڈرز کے ذریعے مرد و خواتین رائیڈرز کی مدد سے منشیات سپلائی کرتی تھی۔










