پاکستان اور بنگلہ دیش کا منشیات کی روک تھام کیلئے تاریخی معاہدہ

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے وزارت داخلہ کی سطح پر سیکرٹری لیول جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا، جو مستقبل میں مشترکہ حکمت عملی بنانے اور مختلف سکیورٹی امور پر مؤثر رابطے کو یقینی بنائے گا۔
اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان منشیات کی سمگلنگ اور نشہ آور اشیاء کے استعمال کی روک تھام کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان انسداد منشیات کے شعبے میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک منشیات کی غیر قانونی ترسیل، فروخت اور نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔ اس کے علاوہ متعلقہ ادارے ایک دوسرے کے ساتھ بروقت معلومات کا تبادلہ بھی کریں گے تاکہ سمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے۔
پاکستان کی آبادی میں تیزی، پانچ سال میں انڈونیشیا سے آگے نکلنے کا خدشہ
دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اہلکاروں کی تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کے ذریعے انسداد منشیات کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
مزید برآں، محسن نقوی نے بنگلہ دیش کو سیف سٹی پراجیکٹ میں مکمل تعاون کی پیشکش کی، جبکہ دونوں فریقین نے انسداد دہشت گردی، انسانی سمگلنگ، سائبر کرائم اور مالیاتی فراڈ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستانی وزیر داخلہ نے اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جسے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔











