وفاقی بجٹ میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے اربوں روپے مختص

وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کراچی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں، جن کا مقصد شہر کے انفرااسٹرکچر اور بنیادی سہولیات میں بہتری لانا ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق کراچی اربن انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ پیکج کے لیے 7 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ شہر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جا سکے۔
گریٹر کراچی واٹر بلک سپلائی اسکیم کے لیے 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں، جبکہ کراچی کوسٹل پاور پروجیکٹ یونٹ ون اور ٹو کے لیے ایک کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وفاقی بجٹ میں Green Line Bus منصوبے کے لیے 1 ارب 98 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ سڑکوں، گلیوں، نکاسی آب اور پانی کی فراہمی کے مختلف منصوبوں کے لیے بھی فنڈز رکھے گئے ہیں۔
ضلع غربی میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے 24 کروڑ 54 لاکھ روپے جبکہ ناظم آباد اور لیاقت آباد میں ترقیاتی کاموں کے لیے 22 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
لانڈھی اور کورنگی میں سڑکوں، پانی، نکاسی آب اور پلے گراؤنڈز کے منصوبوں کے لیے 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں تاکہ شہری سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق ضلع وسطی میں سڑکوں، گلیوں، پانی اور نکاسی آب کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ ضلع ملیر میں انہی منصوبوں کے لیے 5 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس سے کراچی کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی توقع ہے۔











