03:20 , 23 اپریل 2026
Watch Live

ایران جنگ کے برطانوی معیشت پر اثرات، ایک لاکھ سے زائد افرادکے بیروزگار ہونےکا خدشہ

ایران جنگ کے برطانوی معیشت پر اثرات

لندن: ایران سے جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگ کے اثرات عالمی معیشت کے ساتھ ساتھ برطانوی معیشت پر بھی پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جہاں ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ صورتحال مزید خراب ہونے کی صورت میں ایک لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہو سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی طویل مدت تک جاری رہی تو اس کے اثرات برطانیہ کی معیشت، توانائی کی قیمتوں اور روزگار کے مواقع پر گہرے پڑ سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے برطانوی کاروباروں پر مالی دباؤ بڑھے گا۔

اقتصادی تجزیہ کاروں کے مطابق اس سال شرح سود میں دو مرتبہ کمی کی توقع تھی جس سے معیشت کو سہارا مل سکتا تھا، تاہم موجودہ عالمی صورتحال کے باعث ان امیدوں کو شدید دھچکا لگا ہے اور شرح سود میں کمی کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں۔

برطانیہ ایران جنگ میں شامل نہیں ہوگا، کیئر اسٹارمر

تازہ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں بے روزگاری کی شرح پہلے ہی پانچ سال کی بلند ترین سطح 5.2 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر جنگ تین ماہ تک جاری رہی تو یہ شرح بڑھ کر 5.5 فیصد تک جا سکتی ہے۔

اقتصادی ماہر کیمز اسمتھ کے مطابق توانائی کے بڑھتے اخراجات کمپنیوں کو اضافی دباؤ میں ڈال سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں کئی ادارے اخراجات کم کرنے کے لیے ملازمین کو عارضی چھٹیوں پر بھیج سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بڑھتے معاشی خدشات کے باعث بہت سی کمپنیاں نئی بھرتیاں روکنے کا فیصلہ بھی کر سکتی ہیں تاکہ اخراجات کو قابو میں رکھا جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی کشیدگی جلد کم نہ ہوئی تو اس کے اثرات نہ صرف برطانیہ بلکہ یورپ کی دیگر معیشتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں، جس سے عالمی اقتصادی بحالی کی رفتار متاثر ہونے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION