ایران ورلڈکپ 2026 میں شامل رہے گا، فیفا نے اٹلی کی شمولیت کی تجویز مسترد کردی

فیفا نے واضح کردیا ہے کہ ایران ورلڈکپ 2026 میں ضرور شرکت کرے گا اور اٹلی کو شامل کرنے کی تمام افواہوں کو مسترد کردیا گیا ہے۔
یہ غیر یقینی صورتحال ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث پیدا ہوئی تھی جس نے کھیلوں کے حلقوں میں بحث چھیڑ دی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جگہ اٹلی کو شامل کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی، تاہم فیفا حکام نے اسے فوری طور پر رد کردیا۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے واضح کیا کہ ایران نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کوالیفائی کیا ہے اور اسے کسی صورت باہر نہیں کیا جائے گا۔
یہ تجویز مبینہ طور پر ایک امریکی عہدیدار کی جانب سے دی گئی تھی مگر اسے کوئی حمایت حاصل نہ ہوسکی۔
ایرانی سفارتخانے نے بھی اس تجویز کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے سیاسی اقدام قرار دیا۔
اطالوی حکام نے بھی فیفا کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ میں شرکت صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہوتی ہے، جبکہ اٹلی مسلسل تیسری بار کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔











