03:16 , 14 مئی 2026
Watch Live

قومی اسمبلی میں گرما گرمی، خواجہ آصف اور اقبال آفریدی کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ

قومی اسمبلی میں گرما گرمی

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت صورتحال کشیدہ ہو گئی جب وزیر دفاع خواجہ آصف کے خطاب کے دوران رکن اسمبلی اقبال آفریدی نے بغیر مائیک کے بولنا شروع کر دیا، جس پر ایوان میں شور شرابا دیکھنے میں آیا۔

اقبال آفریدی کی مداخلت کے بعد آغا رفیع اللہ اور پاکستان تحریک انصاف کے دیگر اراکین نے انہیں بات چیت کے ذریعے خاموش کرایا، تاہم کچھ دیر بعد ایوان کا ماحول ایک بار پھر تناؤ کا شکار ہو گیا۔

خطاب کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ اگر ملک میں نظام کو درست کرنا ہے تو لوکل گورنمنٹ کو بااختیار بنانا ہوگا، کیونکہ عوامی مسائل کا حل نچلی سطح پر مضبوط نظام کے بغیر ممکن نہیں۔

اس پر اقبال آفریدی نے سوال اٹھایا کہ خیبر پختونخوا میں آپریشن کون کر رہا ہے، جس کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ جی بالکل، آپریشن ہم ہی کر رہے ہیں۔

بحث کے دوران اقبال آفریدی نے جذباتی انداز میں کہا کہ ہم آپ کو رلائیں گے، جس پر خواجہ آصف نے جواب دیا کہ آپ کے لیڈر نے بھی یہی کہا تھا، اب یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ کون رو رہا ہے۔

اقبال آفریدی نے ایک بار پھر بغیر مائیک کے تقریر شروع کی اور کراچی میں پیش آنے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں مؤثر بلدیاتی نظام نافذ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ پاکستان میں آمریت کے ادوار میں بلدیاتی ادارے مضبوط رہے، جبکہ جمہوری دور میں ایسا نہیں ہو سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو ایسے نظام کی ضرورت ہے جس سے عوام خود کو بااختیار محسوس کریں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION