03:33 , 24 جون 2026
Watch Live

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی کا دہشتگردی کے خلاف مشترکہ پالیسی اپنانے پر زور

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب نے قربانیاں دی ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک مشترکہ قومی پالیسی اپنائی جائے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں منعقدہ امن جرگے سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ دہشتگردی کا ناسور پچھلے 20 سال سے صوبے کو کھا رہا ہے۔

“یہاں بم پھٹتا ہے تو وہ یہ نہیں دیکھتا کہ کوئی کس پارٹی سے ہے، سب نے قربانیاں دی ہیں۔ اب وقت ہے کہ ہم متحد ہو کر امن کے لیے کھڑے ہوں۔”

انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں فیصلے کرنے سے امن نہیں آتا، ہمیں پالیسی میں تبدیلی لانی ہوگی۔ “شارٹ ٹرم نہیں بلکہ ‘وَنس فار آل پالیسی’ بنانی ہوگی تاکہ دہشتگردی کا مستقل خاتمہ کیا جا سکے۔”

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے 80 ہزار سے زائد قربانیاں دی ہیں، اب صوبے کو اس کا جائز حصہ دیا جائے۔

انہوں نے وفاق سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کا 6.14 بلین شیئر اور ضم شدہ اضلاع کو شامل کرنے کے بعد 19 فیصد حصہ بنتا ہے، مگر ہمیں وہ حصہ نہیں دیا جا رہا۔
وفاقی حکومت 200 ارب روپے نیٹ ہائیڈل منافع کی مد میں قرض دار ہے۔

“خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ کیا جائے،” انہوں نے کہا اور تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ صوبے کے حقوق کے لیے متحد ہو جائیں۔

افغانستان سے متعلق گفتگو میں سہیل آفریدی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقدار ہیں، اور جنگ ہمیشہ آخری آپشن ہونی چاہیے۔

امن جرگے میں بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، مذہبی شخصیات، عمائدین اور پارلیمنٹرینز نے شرکت کی اور پائیدار امن، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور سیاسی اتفاقِ رائے کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION