نیٹ میٹرنگ میں بڑی تبدیلی، یونٹ کے بدلے یونٹ ختم

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیٹ میٹرنگ سے متعلق نئی پالیسی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت یونٹ کے بدلے یونٹ دینے کا نظام ختم کر دیا گیا ہے اور نیٹ بلنگ کا نیا طریقہ متعارف کروایا گیا ہے۔ ان تبدیلیوں کا مقصد بجلی کے بلنگ نظام کو زیادہ شفاف بنانا ہے، جبکہ نیپرا نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2026 کے تحت صارفین کو اب بجلی کی مکمل قیمت ادا کرنا ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی ریگولیشنز کا اطلاق صرف سولر ہی نہیں بلکہ بائیو گیس صارفین پر بھی ہوگا۔ اب بلنگ سائیکل کے اختتام پر نیٹ بلنگ نظام کے تحت بل جاری کیا جائے گا، جس سے صارفین کو اپنے استعمال اور پیداوار کا واضح حساب مل سکے گا۔
ریگولیشنز میں کہا گیا ہے کہ نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی نیشنل ایوریج انرجی پرائس کے مطابق خریدی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی یونٹ کے بدلے یونٹ کی سہولت مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے، اور صارفین کو استعمال کی گئی بجلی کے یونٹس کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔
مزید پڑھیں: اسٹیٹ بینک رپورٹ میں معاشی بہتری کے اشارے
نیپرا کے مطابق صارفین کو بجلی موجودہ رائج ٹیرف کے مطابق فراہم کی جائے گی۔ اگر کوئی صارف اضافی بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کرے گا تو اس کی ادائیگی سہ ماہی بنیادوں پر کی جائے گی، جس سے ادائیگی کا نظام مزید منظم ہو جائے گا۔
نئی پالیسی کے تحت نیٹ میٹرنگ کے معاہدے کی مدت 5 سال تک محدود کر دی گئی ہے، جس کے بعد مزید 5 سال کے لیے تجدید کی جا سکے گی۔ ان نئی تبدیلیوں کے نفاذ کے بعد نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2015 معطل ہو جائیں گی، اور نیپرا نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2026 بجلی کے بلنگ نظام میں ایک اہم تبدیلی ثابت ہوں گی۔
















