پاکستان حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد افغانستان میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد افغانستان میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں افغان مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں، جو جلد ہی ثالث ممالک کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کو خالی نہیں جانے دے گا اور اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کے مطابق افغان طالبان کے صرف افسوس یا مذمتی بیانات حقیقت کو نہیں بدل سکتے، کیونکہ انہی کی پناہ میں موجود عناصر پاکستان پر حملے کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : افغان مہاجرین کو وطن واپس جانا ہوگا، خواجہ آصف
وانا کیڈٹ کالج پر حملے کے حوالے سے وزیر دفاع نے بتایا کہ اللہ کے فضل اور پاک فوج کی بروقت کارروائی سے تمام کیڈٹس محفوظ رہے۔
بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ہائی الرٹ ہے اور بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا دشمنانہ رویہ اب سب کے سامنے ہے۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی پناہ گاہ نہیں، زیادہ تر واقعات میں افغان دہشت گرد ملوث پائے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر دوست ممالک ثالثی کے ذریعے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تو پاکستان اس کا خیر مقدم کرے گا، تاہم افغان طالبان کی زبانی یقین دہانیوں پر اب اعتماد ممکن نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان غیرقانونی مہاجرین کے انخلا پر قائم ہے: خواجہ آصف
انہوں نے مزید کہا کہ ثالث ممالک بھی اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ افغانستان میں بھارتی قونصلیٹ دہشت گردوں کو مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔
خواجہ آصف نے آخر میں کہا کہ پاکستان افغانستان کے حوالے سے تمام سفارتی آپشنز استعمال کرے گا تاکہ ملک کے تحفظ اور خودمختاری کو یقینی بنایا جا سکے۔












