پنجاب کے کالجز کے لیے سیکیورٹی الرٹ جاری، سخت حفاظتی اقدامات کا حکم

لاہور: پنجاب حکومت نے کالجز میں ممکنہ سیکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی کالجز کے لیے سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق کالجز کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام داخلی و خارجی دروازوں میں سے صرف مرکزی گیٹ کھلا رکھا جائے، جب کہ دیگر تمام دروازے بند رکھے جائیں۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کالجز میں داخلے کے وقت طلبا، عملے اور گاڑیوں کی جامع چیکنگ کی جائے، اور داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کیے جائیں۔
طلبا اور عملے کو ہمیشہ شناختی کارڈ اپنے ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جب کہ اسٹیکرز کے بغیر گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے لیے نئی داخلہ پالیسی کا اعلان
مزید برآں، کالجز کی سرحدی دیواروں پر خاردار تاریں لگانے، رات کے وقت روشنی کا مناسب انتظام کرنے، اور سی سی ٹی وی کیمرے 24 گھنٹے فعال رکھنے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ طلبا کی تعداد کے مطابق سیکیورٹی عملہ بڑھانے، فائر الارمز اور آگ بجھانے کے آلات نصب کرنے، اور اساتذہ و طلبا کو ہنگامی صورتحال کی تربیت دینے کے اقدامات فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔












