01:27 , 22 جون 2026
Watch Live

بنوں میں دو بم دھماکے، 7 افراد جاں بحق، 3 زخمی

بنوں میں دو بم دھماکے

پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد کے دو دھماکوں میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ دھماکوں کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بنوں کے علاقے مرکہ بیرا میں پہلا دھماکا اس وقت ہوا جب ایک مسافر وین سڑک سے گزر رہی تھی۔ سڑک کنارے نصب بم اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں وین میں سوار متعدد افراد شدید متاثر ہوئے۔

ڈی پی او یاسر آفریدی کے مطابق پہلے دھماکے کی زد میں آ کر مسافر وین میں سوار 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ دھماکے کے فوراً بعد مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں تاکہ زخمیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق کچھ دیر بعد اسی مقام کے قریب دوسرا دھماکا بھی ہوا، جس نے امدادی سرگرمیوں کو مزید متاثر کیا۔ دوسرے دھماکے میں امدادی کارروائیوں میں مصروف 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی۔

ڈی پی او نے بتایا کہ دوسرے دھماکے کی شدت سے ایک گاڑی بھی متاثر ہوئی جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسافر وین گاؤں ہاتھی خیل سے بنوں شہر کی جانب آرہی تھی جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ دھماکوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION