دنیا کی بہترین ائیر لائنز کی فہرست جاری

فضائی مسافروں کے حقوق کی عالمی تنظیم ایئر ہیلپ نے 2025 کی سالانہ رینکنگ جاری کر دی، جس میں قطر ایئر ویز کو دنیا کی بہترین ایئر لائن قرار دیا گیا ہے۔ پانچ سال بعد قطر ایئر ویز دوبارہ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے، جسے عالمی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایئر ہیلپ کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کی ایئر لائنز کو تین بنیادی عناصر پر اسکور دیا گیا: وقت کی پابندی، صارفین کی رائے اور کلیم پروسیسنگ کی کارکردگی۔ ہر عنصر کو 10 میں سے نمبر دیے گئے اور تینوں عوامل کو یکساں وزن دیا گیا تاکہ مجموعی درجہ بندی زیادہ منصفانہ ہو۔
قطر ایئر ویز نے تینوں شعبوں میں مضبوط کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ رپورٹ کے مطابق وقت کی پابندی میں بہتری، مسافروں کی مثبت رائے اور کلیم پروسیسنگ میں تیزی نے ایئر لائن کی مجموعی درجہ بندی کو نمایاں طور پر بہتر بنایا۔
متحدہ عرب امارات کی اتحاد ایئرویز اس درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر رہی۔ اتحاد ایئر ویز نے وقت کی پابندی اور مسافر سروسز کے حوالے سے بہترین اسکور حاصل کیا، جس نے اسے خطے کی مضبوط ایئر لائنز میں شامل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا کے سب سے زیادہ مقروض ممالک کی فہرست جاری
تیسری پوزیشن برطانیہ کی ورجن اٹلانٹک کے حصے میں آئی، جس کی مسافر سروس، بورڈنگ تجربے اور کسٹمر سپورٹ کو اعلیٰ معیار کا قرار دیا گیا۔
ایوی ایشن ماہرین کے مطابق قطر ایئر ویز کا دوبارہ نمبر ون بننا بین الاقوامی مقابلے میں اس کی مسلسل بہتری اور اعلیٰ معیار کی سروس کا نتیجہ ہے۔ رینکنگ سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ خلیجی ایئر لائنز عالمی معیار میں مسلسل نمایاں مقام حاصل کر رہی ہیں۔
ایئر ہیلپ کی رینکنگ کو عالمی سطح پر مسافروں اور سفری صنعت دونوں کے لیے اہم رہنمائی سمجھا جاتا ہے۔












