فلسطین کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی: مشتاق احمد

سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ وہ زندگی کی آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک فلسطین کی آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ پہلے سے زیادہ طاقتور انداز میں غزہ جائیں گے۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے بتایا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے اردن میں پاکستانی سفیر اجمل اقبال کے ذریعے ان سے رابطہ کیا اور خیریت دریافت کی۔ مشتاق احمد نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فلسطین کا مسئلہ پوری قوم کا مشترکہ مسئلہ ہے۔
مشتاق احمد خان نے کہا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کو ہر مکتب فکر، سیاسی جماعتوں، علما اور سماجی تنظیموں نے جس طرح سپورٹ کیا، اس پر وہ قوم کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے لیے اتحاد کی ضرورت ہے اور اس مسئلے کو سیاست سے بالاتر رکھنا چاہیے۔
انہوں نے استقبال کے لیے آنے والے افراد سے درخواست کی کہ وہ صرف پاکستان اور فلسطین کے جھنڈے لائیں اور کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا نہ لائیں۔ انہوں نے بتایا کہ استقبال پاک فلسطین فورم کے پلیٹ فارم سے ہوگا، جو ایک غیر سیاسی سول سوسائٹی موومنٹ ہے۔
مشتاق احمد نے حکومت سے کہا کہ دو ریاستی حل کی باتیں چھوڑ دی جائیں، اور اسرائیل سے متعلق کسی سودے بازی سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم کی فلسطین پالیسی کو اپنانے کا مطالبہ کیا، جس کے مطابق فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔















