04:19 , 17 جون 2026
Watch Live

اسد قیصر کا خواجہ آصف کو جواب، آئی ایس آئی ملاقاتوں کی حقیقت بیان کر دی

اسد قیصر کا خواجہ آصف کو جواب

اسلام آباد: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے آئی ایس آئی افسران سے ملاقاتوں کی نوعیت واضح کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں کا مقصد صرف قانون سازی کے عمل میں تکنیکی معاونت حاصل کرنا تھا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ خواجہ آصف نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے گھر میں آئی ایس آئی کے ساتھ ملاقاتیں ہوتی تھیں، تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ وہ گھر ان کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ اسپیکر قومی اسمبلی کی سرکاری رہائش گاہ تھی۔

اسد قیصر نے کہا کہ وہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق بلز پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری کا کردار ادا کر رہے تھے تاکہ قانون سازی کا عمل مؤثر انداز میں مکمل ہو سکے۔

ان کے مطابق آئی ایس آئی افسران اینٹی منی لانڈرنگ اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق قوانین پر اپنی تکنیکی رائے اور ان پٹ فراہم کر رہے تھے، جس کا مقصد بلز کو مزید بہتر بنانا تھا۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ خواجہ آصف نے اپنے ضمیر پر بوجھ ہونے کی بات کی، لیکن انہیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات کیا ان کے ضمیر پر بوجھ نہیں ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ خواجہ آصف انتخابی مقابلے میں ریحانہ ڈار سے بڑے مارجن سے ہارے تھے، جس پر انہیں خود احتسابی کرنی چاہیے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اگر خواجہ آصف واقعی ضمیر کا بوجھ محسوس کرتے ہیں تو انہیں اپنی نشست سے استعفیٰ دے کر دوبارہ انتخاب لڑنا چاہیے، تاکہ عوام ایک بار پھر اپنا فیصلہ سنا سکیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION