02:36 , 23 جون 2026
Watch Live

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا مسلح افواج سے خطاب: ’’اگلی بار پاکستان کا جواب مزید برق رفتار ہوگا‘‘

فیلڈ مارشل عاصم منیر

پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں تینوں مسلح افواج کے افسران سے اہم خطاب کیا، جسے ملکی دفاعی نظام میں تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ بدلتے ہوئے علاقائی حالات اور بڑھتے خطرات کے پیش نظر ضروری ہے کہ ملٹی ڈومین آپریشنز کو ایک متحد اور مربوط نظام کے تحت مزید بہتر بنایا جائے۔ ان کے مطابق ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اسی تبدیلی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہر سروس اپنی انفرادیت اور آپریشنل تیاریوں کا نظام برقرار رکھے گی، جبکہ نیا ہیڈ کوارٹر تینوں افواج کے آپریشنز کو ہم آہنگ کرنے کا کردار ادا کرے گا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ بالا سطح پر کمانڈ کی یکجہتی کے باوجود، تینوں افواج اپنی داخلی خودمختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی تاکہ بہترین کارکردگی برقرار رہے۔

اپنے خطاب میں بھارت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، اور اگر اس نے کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو پاکستان کا جواب ماضی سے بھی زیادہ برق رفتار اور شدید ہوگا۔

فیلڈ مارشل نے طالبان رجیم کے بارے میں بھی سخت مؤقف اپنایا اور کہا کہ انہیں واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان یا خوارج میں سے ایک کا انتخاب کریں، دوہری پالیسی برداشت نہیں کی جائے گی۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، مگر کوئی بھی قوت پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں پائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا تصور ناقابل تسخیر ہے اور اس کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحد قوم کے مضبوط عزم نے کر رکھی ہے۔ پاکستان زندہ باد۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION