02:35 , 23 جون 2026
Watch Live

وزیراعظم کی یو اے ای کے قومی دن ’عیدالاتحاد‘ کی تقریب میں شرکت

وزیراعظم کی یو اے ای کے قومی دن ’عیدالاتحاد‘ کی تقریب میں شرکت

متحدہ عرب امارات کے قومی دن عید الاتحاد کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی، مصنوعی ذہانت، زراعت اور دیگر اہم شعبوں میں اماراتی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

تقریب سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنی اسٹرٹیجک شراکت داری پر فخر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای نے ہمیشہ پاکستان کے معاشی استحکام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، ارکانِ پارلیمان اور غیر ملکی سفارتکار بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران وزیراعظم نے یو اے ای کے قومی دن کا کیک بھی کاٹا۔

وزیراعظم نے اماراتی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ قیادت کی بصیرت اور وژن کی بدولت امارات نے ترقی کی نئی منازل طے کی ہیں۔ انہوں نے شیخ زید بن سلطان النہیان کو امارات کا معمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت نے دونوں ممالک کی دوستی کو نئی جہت دی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی شہریوں کے لیے یو اے ای ویزے معطل، حکومتی انکشاف

انہوں نے کہا کہ 1.8 ملین پاکستانی یو اے ای کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور یہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی بہترین مثال ہے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات یو اے ای کے سفیر سالم محمد الزاعابی نے دونوں ممالک کے پانچ دہائیوں پر محیط تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں خصوصاً آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

سفیر نے پاکستان–یو اے ای تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ تقریب کا اختتام وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے یو اے ای کے قومی دن کے حوالے سے کیک کاٹنے کے ساتھ ہوا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION