خیبرپختونخوا پولیس کا دور دراز علاقوں میں سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے دور دراز اور حساس علاقوں میں رابطے کے مسائل حل کرنے کے لیے جدید سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ہنگامی حالات میں پولیس ٹیموں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنانا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ہنگامی صورتحال یا کسی بڑے واقعے کے دوران اگر موبائل یا ٹیلی فون سروس معطل ہو جائے تو سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم کے ذریعے رابطے بحال رکھے جائیں گے۔ یہ نظام مشکل حالات میں بھی بلا تعطل مواصلات فراہم کرے گا۔
حکام نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اس جدید سسٹم کا آغاز بنوں، لکی مروت اور دیگر دور افتادہ علاقوں میں کیا جائے گا، جہاں آپریشنل سرگرمیوں کے دوران اکثر رابطے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم کے ساتھ ایک جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا جائے گا، جو تمام مواصلاتی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا۔ اس نظام کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے ماہرین پر مشتمل خصوصی ٹیم بھی تعینات کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق دور دراز علاقوں میں تعینات آپریشنل ٹیموں کو اکثر فوری رابطے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے بروقت کارروائی متاثر ہو سکتی ہے۔ نئے سسٹم سے یہ مسئلہ کافی حد تک حل ہونے کی توقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے ہنگامی صورتحال میں جائے وقوعہ تک بروقت رسائی اور فوری ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے گا، جس سے عوامی تحفظ میں نمایاں بہتری آئے گی۔










