04:26 , 17 جون 2026
Watch Live

آڈیو لیک کیس: عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ منسوخ کر دیے

عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ منسوخ کر دیے

اسلام آباد: سیشن عدالت نے آڈیو لیک کیس میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے جاری کردہ وارنٹ منسوخ کر دیے، جس کے بعد کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جاوید اقبال سپرا نے کیس کی سماعت کی، جہاں علی امین گنڈاپور کے خلاف جاری ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری پر قانونی دلائل پیش کیے گئے۔

سماعت کے دوران وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ صرف ایک سماعت پر عدم پیشی کی بنیاد پر ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے، جو حالات کے تناظر میں سخت اقدام تھا۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے عدالت کے سامنے خود سرنڈر کر دیا ہے اور وہ مکمل طور پر عدالت کے رحم و کرم پر ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سماعتوں میں حاضری یقینی بنائی جائے گی۔

دفاعی وکیل نے مزید استدعا کی کہ جس عدالت کو وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار حاصل ہے، وہ انہیں منسوخ کرنے کا اختیار بھی رکھتی ہے، لہٰذا وارنٹ واپس لیے جائیں۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے آڈیو لیک کیس میں جاری وارنٹ منسوخ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی۔ قانونی ماہرین کے مطابق آئندہ سماعت میں کیس کے اہم نکات پر مزید بحث متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION