03:41 , 19 جون 2026
Watch Live

حکومت کا پاسپورٹ نظام مکمل ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے اور ہوم ڈلیوری شروع کرنے کا فیصلہ

ای پاسپورٹ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے اور شہریوں کے لیے ہوم ڈلیوری سروس شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، جسے عوامی سہولت اور جدید ڈیجیٹل نظام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جہاں پاسپورٹ کے اجرا کے موجودہ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں پاسپورٹ مکمل طور پر ای پاسپورٹ فارمیٹ میں جاری کیے جائیں گے۔

اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اندرون ملک اور بیرون ملک پاسپورٹ ہوم ڈلیوری کے لیے ابتدائی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شہریوں کو جلد ان کے پاسپورٹس گھر کی دہلیز پر فراہم کیے جائیں گے، جس سے دفاتر کے غیر ضروری چکر کم ہوں گے۔

حکام کے مطابق پریمیم سروسز سے فائدہ اٹھانے والے شہریوں کو پاسپورٹ پر آنے والے اضافی اخراجات کے مطابق فیس ادا کرنا ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد تیز رفتار اور معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ یکم جولائی سے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کیا جائے گا۔ شہری فیس کی ادائیگی ڈیجیٹل ذرائع سے کر سکیں گے، جس سے شفافیت اور سہولت میں اضافہ ہوگا۔

مزید یہ کہ آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو پاک آئی ڈی پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا تاکہ درخواست کا پورا عمل ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر انجام دیا جا سکے۔ اس سے درخواستوں کی پراسیسنگ مزید تیز ہونے کی توقع ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مکمل ای پاسپورٹ سسٹم سے پاسپورٹ فراڈ اور جعلسازی کا مؤثر خاتمہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ بزنس پاسپورٹ پالیسی کو ایف بی آر کی مشاورت سے جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ کاروباری طبقے کو بھی جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION