بھارت میں سالگرہ منانے گیا نوجوان ٹریکنگ کے دوران کھائی میں گر کر جاں بحق

بھارت میں سالگرہ منانے کے لیے منفرد انداز اپنانے والے ایک نوجوان کی خوشیاں لمحوں میں ماتم میں بدل گئیں جب وہ ٹریکنگ کے دوران گہری کھائی میں گر کر ہلاک ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ نوجوان کیتن نے اپنی سالگرہ کو یادگار بنانے کے لیے ایڈونچر سرگرمی کا انتخاب کیا۔ اس نے دوستوں کے ساتھ ٹریکنگ پر جانے کا منصوبہ بنایا۔
کیتن سالگرہ منانے کے لیے لوناوالا کے تاریخی لوہا گڑھ قلعے پہنچا، جو ٹریکنگ اور سیاحتی سرگرمیوں کے لیے کافی مشہور مقام سمجھا جاتا ہے۔ ہر سال بڑی تعداد میں سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹریکنگ کے دوران راستے میں پھسلن کے باعث نوجوان اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا۔ اچانک پاؤں پھسلنے سے وہ گہری کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں اسے شدید چوٹیں آئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور کافی کوشش کے بعد نوجوان کو کھائی سے نکالا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمی نوجوان کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔ نوجوان کی ہلاکت کی خبر سن کر اہل خانہ اور دوستوں میں شدید غم و افسوس پھیل گیا۔












