برطانوی وزیر ہمیش فاکنر نے ایران امریکا تنازع میں پاکستان کے کردار کو سراہا

برطانیہ کے وزیر ہمیش فاکنر نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کی تعریف کرتے ہوئے اسے خطے میں امن کے لیے نہایت اہم قرار دیا ہے۔
اپنے حالیہ بیان میں ہمیش فاکنر نے کہا کہ پاکستان نے ایران میں جنگ بندی کے لیے مؤثر کردار ادا کیا، جو پورے خطے کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حساس حالات میں سفارت کاری اور مذاکرات ہی پائیدار امن کی بنیاد بنتے ہیں۔
برطانوی وزیر نے پاکستان کے حالیہ بجٹ کے حوالے سے بھی امید افزا خیالات کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق معیشت میں بہتری کے آثار دکھائی دے رہے ہیں، اگرچہ ملک کے بعض حصوں میں عوام اب بھی معاشی مشکلات سے دوچار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور مالی دباؤ کی وجہ سے کچھ طبقات کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم حکومتی پالیسیوں اور اصلاحات کے ذریعے مستقبل میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ہمیش فاکنر نے پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور انفراسٹرکچر میں بہتری کو بھی سراہا۔ ان کے مطابق سڑکوں، شہری سہولیات اور دیگر عوامی منصوبوں میں نمایاں پیش رفت دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی۔
انہوں نے اپنے دورۂ پاکستان کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے دل میں خاص مقام رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے ایسے علاقوں کا بھی سفر کیا جہاں اکثر برطانوی پاکستانی بھی نہیں گئے۔











