اسکاٹ لینڈ میں مسلم مخالف مشتبہ حملوں میں 5 افراد زخمی

اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرا میں مسلم مخالف نوعیت کے مشتبہ حملوں میں 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعات جمعہ کی شام شہر کے مغربی حصے میں پیش آئے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 36 سالہ سفید فام شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔
اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر جان سوینی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکاٹ لینڈ میں نسل پرستی اور عدم برداشت کی کوئی جگہ نہیں ہے اور حکومت ہر شہری کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حملوں کے محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔











