قطر کی جانب سے تحفے میں دیا گیا لگژری طیارہ امریکی صدارتی بیڑے میں شامل

واشنگٹن: قطر کی جانب سے امریکا کو تحفے میں دیا گیا لگژری بوئنگ 747 طیارہ باضابطہ طور پر امریکی صدارتی بیڑے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی شرکت کی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کو صدارتی استعمال کے قابل بنانے کے لیے اس میں سکیورٹی اور تکنیکی نوعیت کی وسیع تبدیلیاں کی گئیں، جن پر تقریباً 90 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے۔ طیارہ جلد آزمائشی پروازوں کا آغاز کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نیا ایئر فورس ون پرانے 35 سالہ طیارے کے مقابلے میں کہیں بڑا اور جدید ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک جدید صدارتی طیارے استعمال کر رہے ہیں، اس لیے امریکا کو بھی اپنے فضائی بیڑے کو جدید بنانے کی ضرورت تھی۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نئے طیارے پر امریکی پرچم کو لہراتی ہوئی شکل میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق سابقہ طیارے پر پرچم کا سیدھی لکیر والا ڈیزائن انہیں زیادہ پسند نہیں تھا۔
یاد رہے کہ قطر نے ایک سال قبل یہ لگژری بوئنگ 747 طیارہ امریکا کو تحفے میں دیا تھا، جسے اب ضروری تبدیلیوں کے بعد امریکی صدارتی بیڑے کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔











