02:12 , 22 اپریل 2026
Watch Live

عالمی وباؤں کے بعد امیر مزید امیر، غربت میں اضافہ: آکسفیم رپورٹ کا انکشاف

آکسفیم رپورٹ کا انکشاف

برطانوی فلاحی تنظیم آکسفیم کی تازہ رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کے بعد دنیا بھر میں معاشی عدم مساوات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی بحرانوں کے دوران امیر طبقے کی دولت میں غیر معمولی اضافہ ہوا جبکہ غریب مزید مشکلات کا شکار ہو گئے۔

جنوری 2026 میں جاری ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق ارب پتی افراد کی مجموعی دولت میں وبا کے بعد 60 فیصد سے زائد یعنی تقریباً 8.2 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جو عالمی تاریخ میں ایک نمایاں مثال ہے۔

آکسفیم کا کہنا ہے کہ صرف گزشتہ ایک سال میں ارب پتیوں کی دولت میں 2.5 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوا، جبکہ دنیا بھر میں غربت کی شرح میں نمایاں کمی نہیں ہو سکی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے چار ارب سے زائد افراد غربت یا کم آمدنی میں زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ چند سو افراد کے پاس ان کے برابر دولت جمع ہو چکی ہے۔

آکسفیم انٹرنیشنل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر امیتابھ بہر کے مطابق یہ دولت دنیا سے غربت کو کئی بار ختم کرنے کے لیے کافی ہو سکتی ہے، لیکن اس کا بڑا حصہ محدود طبقے تک ہی محدود ہے۔

تنظیم نے اس صورتحال کو عالمی معیشت کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی عدم مساوات سماجی، صنفی اور نسلی تفریق کو بھی مزید گہرا کر رہی ہے۔

آکسفیم نے حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ارب پتیوں پر دولت ٹیکس نافذ کیا جائے اور دولت کے ارتکاز کو روکا جائے تاکہ معاشی انصاف اور سماجی توازن کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION