پنجاب فلم سٹی اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ، فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے بل پیش

لاہور: پنجاب حکومت نے فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں پنجاب فلم سٹی اتھارٹی بل 2025 پیش کر دیا گیا ہے جس کا مقصد فلم سازی، ڈرامہ اور ڈاکیومنٹری کی صنعت کو منظم انداز میں فروغ دینا ہے۔
بل کے مطابق اتھارٹی کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی اور ایک جامع فلم پالیسی اور لائسنسنگ نظام متعارف کرایا جائے گا۔
فلم سازوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اجازت ناموں اور منظوریوں کے لیے ون ونڈو آپریشن کا نظام بھی شامل کیا گیا ہے۔
بل میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے خصوصی مراعات دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔
اس اقدام کا مقصد پنجاب کی ثقافت، سیاحت اور مثبت تشخص کو فلم اور میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنا ہے۔
بل کو دو ماہ کے لیے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے جو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
کمیٹی کی منظوری کے بعد بل کو پنجاب اسمبلی سے حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔










