اٹلی کا پاکستانی اسکلڈ لیبر کے لیے 10,500 ویزوں کا اعلان

روم: اٹلی نے قانونی ہجرت کے فروغ کے لیے پاکستانی ہنر مند افراد کو 10,500 ویزے دینے کا اعلان کیا ہے، جبکہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا استثنیٰ دینے پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے روم میں اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی، جس میں داخلی سکیورٹی، انسدادِ دہشتگردی اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ لیگل مائیگریشن کے تحت پاکستانی اسکلڈ لیبر کو ساڑھے دس ہزار ویزے فراہم کیے جائیں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان افرادی قوت کے تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزا فری انٹری دینے کی تجویز پر بھی پیش رفت ہوئی ہے، جس پر باہمی مشاورت جاری ہے۔
دبئی کے ویزوں کا مسئلہ حل۔۔۔؟ محسن نقوی نے خوشخبری سنا دی
ملاقات میں منشیات کی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ اور دہشتگردی کے خلاف تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کو سراہا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر نگرانی سخت کی ہے جس کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی آئی ہے۔
اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستان کی مؤثر پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف پاکستان کی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں اور مستقبل میں قانونی ہجرت کے فروغ کے لیے تعاون مزید مضبوط کیا جائے گا۔













