صائم ایوب کے مستقبل کا اہم فیصلہ اگلے ہفتے متوقع

پاکستان کے نوجوان بلے باز صائم ایوب کے مستقبل سے متعلق ایک اہم فیصلہ اگلے ہفتے متوقع ہے، کیونکہ وہ جنوری میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران لگنے والی انجری کے بعد میڈیکل کلیئرنس کے منتظر ہیں۔
برطانوی طبی ماہرین منگل کے روز ان کی تفصیلی جانچ کریں گے اور اپنی سفارشات پیش کریں گے۔ ان کی رپورٹ کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا 22 سالہ اوپنر پی ایس ایل 10 میں شرکت کے لیے فٹ ہیں یا نہیں۔ یہ ٹورنامنٹ 11 اپریل سے شروع ہو رہا ہے۔
انجری کے باوجود صائم ایوب نے ٹریننگ دوبارہ شروع کر دی ہے اور میدان میں واپسی کے لیے پرعزم دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کی بحالی کے عمل میں مدد کے لیے پاکستانی ٹرینر حنیف ملک بھی ان کی درخواست پر لندن پہنچ چکے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ صائم ایوب دائیں ٹخنے کی چوٹ کے باعث آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت سے محروم رہے۔ اس کے علاوہ، وہ نیوزی لینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز میں بھی پاکستان کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔











